بنگلورو8/نومبر (ایس او نیوز) ممبر پارلیمان شوبھا کرندلاجے نے شیواجی نگر کے آر ایس ایس کارکن رودریش کے قتل میں براہ راست روشن بیگ کا ہاتھ ہونے کا الزام لگایا تھااور کہا تھا کہ اس قتل کے لئے سپاری خودریاستی وزیر روشن بیگ نے دی ہے۔
اس الزام کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے روشن بیگ نے ایم پی شوبھا کرندلاجے کے خلاف قانونی اقدام کیا ہے۔ انہوں نے اپنے وکیل شنکرپا کے ذریعے 8ویں ایڈیشنل چیف میجسٹریٹ کی عدالت میں ہتک عزت کا مقدمہ دائر کرتے ہوئے 10کروڑ روپے کا ہرجانہ طلب کیا ہے۔ان کے وکیل نے اپنے بیان میں کہا کہ روشن بیگ گزشتہ کئی برسوں سے سیاسی میدان میں ہیں اور عوام میں ان کی عزت اور وقار قائم ہے۔ ایسے میں شوبھا کرندلاجے کی طرف سے کیا گیا یہ سنگین الزام ان کی ہتک اور شخصیت کو مجروح کرنے کا سبب ہو اہے۔ لہٰذا قانونی دفعات121A, 200, 203, 499, 500, 501 کے تحت عدالت میں مقدمہ دائر کیا گیا ہے۔